نئی دہلی،5/اپریل(ایس او نیوز)کرناٹک اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس امیدواروں کے انتخاب کو قطعیت دینے کیلئے آج دہلی میں کانگریس کی مرکزی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ ہوئی- کانگریس صدر ملیکا ارجن کھرگے کی صدارت میں ہوئی اس میٹنگ میں کانگریس رہنما راہل گاندھی، اے آئی سی سی جنرل سکریٹریز مکل واسنک،کے سی وینوگوپال، رندیپ سرجے والا،کے پی سی سی صدر ڈی کے شیوکمار، سابق وزیراعلیٰ سدارامیا،ڈاکٹر ویرپا موئیلی، سابق نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر پرمیشور،کے پی سی سی کے انتخابی مہم کے چیرمین ایم بی پاٹل اور دیگر نے شرکت کی-
کانگریس کی طرف سے 224 رکنی کرناٹک اسمبلی کے انتخابات کیلئے 124 امیدواروں کی پہلی فہرست پہلے ہی جاری کردی گئی ہے - باقی 100 امیدواروں کے انتخاب کیلئے ریاستی کانگریس کی طرف سے جن ناموں کو تجویز کیا گیا ہے ان پر آج کی میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا گیا - قیاس کیا جارہا ہے کہ کسی بھی وقت کانگریس امیدواروں کی دوسری فہرست منظر عام پر آسکتی ہے - وہ حلقے جن میں امیدواروں کے انتخاب کو لے کر مقامی اور ریاستی سطح پر ابھی اتفاق نہیں ہوا ہے ان ناموں کے اعلان کو اور کچھ وقت کیلئے موخر کئے جانے کا امکان ہے -